جعفرخان مندوخیل 8

لیڈیز کلب بلوچستان کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے خواتین کی معاشی و سماجی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ لیڈیز کلب بلوچستان کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے خواتین کی معاشی و سماجی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، اور انہیں اپنے حقوق و فرائض سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

اس ضمن میں ضروری ہے کہ لیڈیز کلب بلوچستان کو دیگر متعلقہ سرکاری و غیرسرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور ڈونرز کے ساتھ موثر روابط استوار کریں تاکہ خواتین کی فلاح و بہبود، ہنر مندی کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے مشترکہ منصوبے شروع کیے جا سکیں۔ گورنر مندوخیل نے لیڈیز کلب بلوچستان کو فعال اور موثر بنانے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خواتین کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ان کی معاشی و سماجی ترقی سے متعلق اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ستارہ محمد حسنی کی قیادت میں خواتین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد میں سابق رکن صوبائی اسمبلی زینت شاہوانی، روبینہ ابراہیم زہری، مہوش رند، انزلہ بلوچ اور عائشہ ضیا قلندرانی شامل تھیں۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو لیڈیز کلب بلوچستان کے اغراض و مقاصد اور مجوزہ سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کلب خواتین کو مثبت سماجی سرگرمیوں، پیشہ ورانہ روابط، ہنرمندی کے فروغ اور فلاحی منصوبوں میں شرکت کیلئے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کریگا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے خواتین کی معاشی خودمختاری، سماجی ترقی اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں ان کے موثر کردار کو مزید مستحکم بنانے کیلئے باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی کیلئے مشترکہ آواز بلند کرنا ضروری ہے تاکہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے زیادہ موثر اور دیرپا نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں