قومی صحت کارڈ 364

قومی صحت کارڈ: جنرل ہسپتال میں ڈاکٹر ریاض حفیظ کو آرڈینیٹر مقرر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسرالفریدظفرنے لاہور جنرل ہسپتال میں نیا پاکستان” قومی صحت کارڈ” سے متعلق افراد کو مکمل رہنمائی فراہم کرنے کیلئے گریڈ19کے ڈاکٹر ریاض حفیظ کو کو آرڈینیٹر مقرر کر دیاہے جو ہسپتال میں آنے والے لوگوں کو تمام طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے پابند ہوں گے اور اس سے متعلقہ امور کی نگرانی کرینگے۔

پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے نیا پاکستان” قومی صحت کارڈ” کو سال2022 کا بہترین تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس انقلابی اقدام سے ا ب کسی بھی مریض کو علاج معالجے کے لئے سفارش کا سہارا یا قرضہ نہیں لینا پڑے گا جبکہ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں امیر و غریب کو بلا امتیاز معیاری طبی سہولیات حاصل ہوں گی۔اسی طرح ماضی میں غریب لوگ نجی ہسپتالوں میں علاج کرانے کا تصور بھی نہیں کر سکتے تھے لیکن اب ان کے لئے نیا پاکستان” قومی صحت کارڈ” کا اجراء تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا اور ان کی مشکلات میں خاطرخواہ کمی واقع ہوگی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے ڈاکٹر ریاض حفیظ کو ہدایت کی کہ وہ ہیلتھ کارڈ سسٹم کے حوالے سے بہترین نتائج سامنے لائیں اور اس سلسلے میں عوامی آگاہی کے لئے بھرپور مہم شروع کریں تاکہ نیا پاکستان” قومی صحت کارڈ” سے شہری بڑی تعداد میں مستفید ہو سکیں۔

ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ہیلتھ کارڈ سسٹم کے درست اور بر وقت استعمال کو یقینی بنائیں اور حکومت کی طرف سے دی گئی اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے سٹاف سے کہا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آکر ادارے کی مزید نیک نامی کا سبب بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں