ایتھلیٹ فلورنس 5

عالمی ریکارڈ،91 سال کی عمر میں عالمی ریکارڈز قائم کرنیوالی ایتھلیٹ

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)کھیل کے میدان میں عالمی ریکارڈز قائم کرنے والی 91 سالہ امریکی ایتھلیٹ فلورنس مائلر نے ثابت کر دیا کہ جذبہ، محنت اور عزم کے سامنے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ورمونٹ سے تعلق رکھنے والی فلورنس مائلر نے ایتھلیٹکس کا آغاز 60 سال کی عمر میں کیا تھا اور اب 31 سال گزرنے کے باوجود وہ نا صرف کھیلوں میں حصہ لے رہی ہیں بلکہ اپنے ہم عمر کھلاڑیوں کے لیے نئے معیار بھی قائم کر رہی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلورنس مائلر ماسٹرز ایتھلیٹکس کے 90 سے 94 سال کی عمر کے گروپ میں مختلف مقابلوں میں عالمی ریکارڈز اپنے نام کر چکی ہیں۔ اُنہوں نے پول والٹ، ہائی جمپ، ٹرپل جمپ، 80 میٹر رکاوٹی دوڑ اور پینٹاتھلون جیسے مقابلوں میں حصّہ لیا۔

فلورنس مائلر کی کہانی غیر معمولی ہے کیونکہ انہوں نے ٹریک اینڈ فیلڈ میں قدم رکھنے کا فیصلہ عمر کے اس حصے میں کیا جب عام طور پر کھلاڑی کھیلوں سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کرتے ہیں۔اُنہوں نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ 60 سال کی عمر میں مجھے ایتھلیٹکس میں حصہ لینے کی ترغیب میری دوست باربرا جارڈن نے دی۔ فلورنس مائلر نے مزید بتایا کہ ہم دونوں تقریباً 20 سال تک ایک ساتھ تربیت حاصل کرتی رہیں اور مقابلوں میں شرکت کرتی رہیں اور اس دوران ہم نے متعدد عالمی ریکارڈز بھی قائم کیے، لیکن باربرا جارڈن کو کینسر کی تشخیص کے بعد کھیل چھوڑنا پڑا اور وہ 2020ء میں 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔فلورنس مائلر نے بتایا کہ میں ہفتے میں کئی دن ٹریننگ کرتی ہوں اور اس دوران اپنی تکنیک کو بہتر بنانے اور جسمانی فٹنس کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دیتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں