لیونل میسی 6

فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل، انگلینڈ کے خلاف پہلی بار کھیلنا میرے لیے خاص لمحہ ہو گا،میسی

نیویارک (رپورٹنگ آن لائن)ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلی بار کھیلنا میرے لیے ایک خاص لمحہ ہو گا۔تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا نے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں سوئٹزر لینڈ کو اضافی وقت میں 1ـ3 سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیاجبکہ انگلینڈ نے بھی ناروے کو اضافی وقت میں 1ـ2 سے ہرا کر آخری 4 ٹیموں میں جگہ بنا لی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل 16 جولائی کو امریکی شہر اٹلانٹا میں کھیلا جائے گا، جہاں عالمی فٹبال کی 2 روایتی حریف ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔سوئٹزر لینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے 38 سالہ لیونل میسی نے انگلینڈ کو ایک مضبوط ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف کھیلنا خاص بات ہے کیونکہ وہ عالمی فٹبال کی طاقتور ٹیموں میں سے ایک ہے اور ایسی ٹیموں کے خلاف مقابلہ ہمیشہ یادگار ہوتا ہے۔

میسی نے کہا کہ یہ پہلی بار ہو گا کہ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلوں گا، میں تقریباً ہر بڑی ٹیم کے خلاف کھیل چکا ہوں، صرف انگلینڈ کی ٹیم باقی تھی، اس لیے یہ میرے لیے بھی ایک منفرد تجربہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں اس میچ کو ایک ورلڈ کپ سیمی فائنل کے طور پر دیکھ رہا ہوں اور بہترین تیاری کے ساتھ میدان میں اتر کر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں