شہباز شریف 167

عوام کا ووٹ ہی ان کی طاقت ہے، ووٹ ڈالتے ہوئے عمران دور کی کرپشن و معاشی تباہی یاد رکھیں،شہباز شریف

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں عوام اپنا ووٹ ڈالتے ہوئے عمران حکومت کے پونے 4سالہ سیاہ دور کی کرپشن،نا اہلی، معاشی تباہی، مافیا کی سہولت کاری و سرپرستی اور تبدیلی کے نام پر برپا کی گئی تباہی کے بارے ضرور سوچیں، اتوار کو پنجاب میں ضمنی انتخاب سے متعلق اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ عوام کا ووٹ ہی ان کی طاقت ہے.

اس طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔ ایک شخص کی انا، اندازِ سیاست اور نااہلی نے ہمارے معاشرے کے حسن کو تہ و بالا کرکے رکھ دیا ہے. اپنا ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ڈالیں. مجھے آپکی قوتِ انتخاب پر پورا بھروسہ ہے،انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پونے 4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا۔

شہریوں کو مفت ادویات اور طلبا کو وظائف سے محروم کیا گیا۔ سرکاری آسامیوں اور تبادلوں کی کھلے عام خرید و فروخت کی گئی۔ شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لاقانونیت عروج پررہی ،پنجاب کی جو حالت کی گئی وہ پنجاب کے لوگوں کی توہین سے کم نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں