کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے قومی کرکٹ ٹیم کو سہ ملکی ون ڈے سیریز میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشی بکھیر دی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے اپنی صلاحیتوں، بہترین کھیل اور شاندار کارکردگی کی بدولت فتح اپنے نام کی، جو پوری قوم کے لیے باعثِ مسرت اور فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے پوری سیریز کے دوران محنت، لگن، عزم اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں اور بھرپور جذبے سے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ سہ ملکی سیریز میں قومی ٹیم کی کامیابی کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی مشترکہ محنت اور اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے۔شرجیل انعام میمن نے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے، محنت اور لگن کے ساتھ کھیلتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتی رہے گی۔ انہوں نے قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔









