کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر خطے کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک روشن، یادگار اور قابلِ فخر دن ہے، جو یہاں کے عوام کی بہادری، لازوال قربانیوں اور آزادی کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تاریخی جدوجہد اور قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اپنی منفرد ثقافت، شاندار روایات اور قدرتی حسن کے باعث پاکستان کا ایک قیمتی اثاثہ ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے کی سب سے بڑی جماعت منتخب کیا، جو پارٹی قیادت کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں قائم اتحادی حکومت عوام کے اعتماد کو خدمت، ترقی اور خوشحالی کے عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو جمہوری، آئینی اور بنیادی حقوق کی فراہمی، انہیں بااختیار بنانا اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کی پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ تمام شہریوں کو ان کے جائز حقوق اور بنیادی سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے لیے معیاری تعلیم اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا، صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے، تاکہ خطے کے عوام بالخصوص نوجوان ترقی کے قومی دھارے میں بھرپور کردار ادا کرسکیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی، ان کے جائز حقوق کے تحفظ اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تاریخی جدوجہدِ آزادی، قربانیوں اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، جبکہ خطے کے روشن مستقبل کے لیے عوام کو بااختیار بنانے، جمہوری حقوق کے تحفظ اور ترقی کے مساوی مواقع کی فراہمی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔








