اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید نیر حسین بخاری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی مضبوط ریاست، آئین کی بالادستی اور جمہوری پارلیمانی روایات پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور مضبوط اور مستحکم ریاست ہے،پارلیمانی کمیٹیاں قانون سازی اور پارلیمانی جمہوریت کا لازمی جزو ہیں۔ اپنے بیان میں نیئر حسین بخاری نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کو سرزمینِ بے آئین کو آئین دینے کا اعزاز حاصل ہے۔
انہوںنے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی چاہتے ہیں۔ نیئر حسین بخاری نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے صرف 17 نشستوں کے ساتھ مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کیا،پارلیمانی کمیٹیاں قانون سازی اور پارلیمانی جمہوریت کا لازمی جزو ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمان میں نمائندگی برابر نہیں تو کمیٹیوں میں برابری کیسے ممکن ہے؟،پارلیمانی کمیٹیوں میں برابر نمائندگی کا مطالبہ قانون کے مطابق نہیں۔ نیئر بخاری نے کہاکہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے اپوزیشن پارلیمانی کمیٹیوں میں واپس آئے اور اپنا کردار ادا کرے۔ انہوںنے کہاکہ ڈھائی سال گزرنے کے باوجود انتخابی قوانین میں اصلاحات کے لیے کوئی قانون سازی نہیں ہوئی،۔ نیئر حسین بخاری نے کہاکہ انتخابی قوانین میں اصلاحات اور سزا و جزا کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد ضروری ہے۔
انہوںنے کہاکہ انتخابی اصلاحات سے انتخابات کے بعد الزامات اور تنازعات کی گنجائش کم ہوگی۔ نیئر بخاری نے کہاکہ اپوزیشن کی شمولیت قانون سازی کے عمل کو مزید تقویت دے گی۔انہوںنے کہاکہ میں نہ مانوں کی روش ترک کرکے پارلیمان میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جائے،اپوزیشن لیڈر چیف الیکشن کمشنر اور دو ارکان کی تقرری کے لیے وزیراعظم سے ملاقات کریں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم ہاؤس اور وزیراعظم و اپوزیشن لیڈر کے چیمبرز کسی کی ذاتی ملکیت نہیں،وزیراعظم ہاؤس اور پارلیمانی چیمبرز ریاست کے دفاتر ہیں، گالم گلوچ اور دشنام طرازی پارلیمانی سیاست کے لیے نقصان دہ ہیں








