فیصل کریم کنڈی 11

مولانا ریاست کے خلاف جو باتیں کر رہے ہیں، کیا اس کے بعد وہ ریاست میں رہنے کے قابل ہیں؟، فیصل کریم کنڈی

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ریاست مخالف بیانیے پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ مولانا ریاست کے خلاف جو باتیں کر رہے ہیں، کیا اس کے بعد وہ ریاست میں رہنے کے قابل ہیں؟۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک انٹرویومیں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ ریاست مخالف بیانیے پر ان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیانات کا سلسلہ چلتا رہتا ہے، مگر مولانا ریاست کے خلاف جو باتیں کر رہے ہیں، کیا اس کے بعد وہ ریاست میں رہنے کے قابل ہیں؟

گورنر کے پی نے کہا کہ مولانا دوسروں کو انصاف اور برابری کا درس دیتے ہیں لیکن جب خوشاب اور کراچی میں ڈی سی تعینات ہوئے تو اس وقت انصاف کہاں تھا،ان کے بھائی پی ٹی سی ایل، افغان ریفیوجی کمشنر بنے اور دوسروں کے حق پر ڈاکا ڈالا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر مولانا خود زمینوں پر قبضہ اور قبضہ مافیا بنیں گے تو لوگوں کو کیا درس دیں گے؟ کیا وہ لوگوں کو یہ درس دیں گے کہ وہ بھی دوسروں کی زمینوں پر قبضہ کریں؟ ،شہدا سے متعلق بات کرتے ہیں تو ان کے نام پر آپ لوگوں نے بھی زمینیں حاصل کیں، آپ لوگوں کا کیا حق بنتا ہے کہ شہدا کے نام پر زمینیں حاصل کریں؟ مولانا کو چاہیے پہلے خود کو صاف شفاف کریں اور پھر دوسروں کے بارے میں بات کریں۔انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کی کرپشن کے معاملے کو متعلقہ محکمہ دیکھ رہا ہے،

جب تک بڑے مگرمچھوں کو سزا نہیں ہوگی تب تک کوئی آپ پر اعتماد نہیں کرے گا۔گورنر کے پی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور عدل و انصاف پر غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ گزشتہ 13 سال کے دوران صوبے میں بہت کچھ ہوا جس پر آہستہ آہستہ قابو پا رہے ہیں،امن کی جانب سفر شروع کر رہے ہیں، انشا اللہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔فیصل کریم نے کہا کہ وفاق اور صوبہ ایک پیج پر ہیں اور ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں،ہم دیگر صوبوں کیساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں