فریال تالپور 12

فریال تالپورکی گلگت بلتستان کے 79ویں یومِ آزادی پر مبارکباد

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے گلگت بلتستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر خطے کے عوام سمیت پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے ڈوگرہ راج کے جابرانہ تسلط کے خلاف علمِ بغاوت بلند کرکے آزادی کی شمع روشن کی، جبکہ ان کی جرات، قربانیاں اور غیرمتزلزل عزم ہماری قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش سرمایہ ہیں۔اپنے خصوصی پیغام میں فریال تالپور نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تاریخ جدوجہدِ آزادی، بہادری اور قربانیوں سے عبارت ہے۔

یہاں کے عوام کی پاکستان سے محبت اور وابستگی ایک ایسا اٹوٹ رشتہ ہے جو نسل در نسل قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان میں ایف سی آر اور جاگیردارانہ نظام کے خاتمے سمیت تاریخی اصلاحات کی بنیاد رکھی اور عوام کو استحصالی نظام سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے۔ شہید بھٹو کی ان اصلاحات نے خطے کے عوام کو حقوق اور ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔فریال تالپور نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1994ء میں قانون ساز کونسل کے قیام کے ذریعے گلگت بلتستان کی سیاسی نمائندگی اور عوامی بااختیاری کے سفر کو آگے بڑھایا، جبکہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں 2009ء کے اصلاحاتی پیکیج کے ذریعے خطے کو نئی سیاسی شناخت دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2009ء کے اصلاحاتی پیکیج کے تحت گلگت بلتستان میں منتخب اسمبلی اور صوبائی طرز کا بااختیار انتظامی ڈھانچہ متعارف کرایا گیا، جس سے خطے میں سیاسی نمائندگی اور انتظامی اختیارات کے حوالے سے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر نے کہاکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری شہید قائدین کے عوام دوست وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں اور گلگت بلتستان کے عوام کے جمہوری، آئینی اور بنیادی حقوق کے لیے مسلسل آواز بلند کر رہے ہیں۔فریال تالپور نے زور دیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی سیاسی خودمختاری، بااختیاری اور ترقی کے یکساں مواقع یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خطے کے ہر شہری تک ترقی کے ثمرات پہنچانا، عوام کے خوابوں کی تکمیل اور نوجوان نسل کے لیے روشن مستقبل کی راہیں ہموار کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے جائز حقوق کے تحفظ، سیاسی و معاشی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں