اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان بہادر لوگوں کی جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے وطن کو ڈوگرہ راج سے آزاد کرایا اور پاکستان سے وابستہ ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھی۔یکم نومبر کو گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں گلگت بلتستان کے عوام، خاص طور پر نوجوان نسل، لڑکیوں اور خواتین کو اپنے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں،اس جدوجہد کی میراث آج گلگت بلتستان میں پروان چڑھنے والی نسلیں ہیں۔
ہمیں اس کا احترام اس طرح کرنا چاہیے کہ ہر بچے کو تعلیم میسر ہو، ہر نوجوان کو بامعنی روزگار کا موقع ملے اور ہر خاتون کو اپنی زندگی کے فیصلوں میں مکمل حصہ لینے کا حق حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی لڑکیوں سے میں کہنا چاہتی ہوں کہ تمہارے خواب اہم ہیں، آپ ٹیچر ، ڈاکٹر، سائنسدان، کاروباری شخصیت، کھلاڑی یا عوامی نمائندہ بننا چاہتی ہو آپ کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مواقع اور معاونت ملنی چاہیے۔ کوئی بھی لڑکی صرف اس لیے اپنی تعلیم ترک نہ کرے کہ اس کا سکول بہت دور ہے، اس کا خاندان اخراجات برداشت نہیں کر سکتا یا اسے یہ کہا جائے کہ اس کی خواہشات کوئی اہمیت نہیں رکھتیں۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی اصلاحات، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا جمہوری حقوق کے لیے عزم اور پیپلز پارٹی حکومت کی 2009 میں خود مختاری متعارف کرانے کا فیصلہ اس دیرینہ یقین کی عکاسی کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو عزت، نمائندگی اور اپنے مستقبل میں زیادہ حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔ ہمیں اس عزم کو آگے بڑھانا چاہیے اور وہاں کے نوجوانوں اور خواتین کے لیے مزید دروازے کھولنے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ میری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی سے ہمیں یہ سکھایا کہ خواتین جرات کے ساتھ قیادت، ہمدردی کے ساتھ خدمت اور ان رکاوٹوں کو چیلنج کر سکتی ہیں جو کبھی ناقابل عبور محسوس ہوتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ گلگت بلتستان کی بیٹیاں ان کی مثال سے اور اپنے خاندانوں اور برادریوں کی خواتین کے عزم سے طاقت حاصل کریں گی۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کے لیے اچھے اسکول، تربیت یافتہ اساتذہ، اسکالرشپس، محفوظ نقل و حمل، ڈیجیٹل رسائی اور معیاری صحت کی سہولیات مواقعوں کے لئے عملی مدد سے آغاز ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دور دراز کے پہاڑی علاقوں سمیت ماں کو حمل اور زچگی کے دوران بروقت طبی دیکھ بھال میسر ہونی چاہیے۔ خواتین کی صحت، غذائیت اور بہبود ترقی کا مرکزی حصہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان سیاحت، ٹیکنالوجی، زراعت، کھیل اور کاروبار کے ذریعے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔
انہیں مہارتوں، قابل اعتماد انٹرنیٹ اور مالیات و منڈیوں تک رسائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خواتین جو ہاتھ کے بنے ہوئے سامان تیار کرتی ہیں، چھوٹے کاروبار چلاتی ہیں یا کھیتوں میں کام کرتی ہیں، انہیں پہچان، منصفانہ معاوضہ اور معاشی خود مختاری کا حق ملنا چاہیے۔ہمیں نوجوانوں اور خواتین کو اس خطے کے پہاڑوں، گلیشیئرز، دریاں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ میں شراکت دار کے طور پر شریک بناناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا علم اور شرکت محفوظ کمیونٹیز کی تعمیر اور اس قیمتی ماحول کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔خاتون اول نے کہا کہ اس فخر کے دن پر آئیے ہم اپنے عزم کی تجدید کریں کہ گلگت بلتستان ایسا ہو جہاں بچیاں اعتماد کے ساتھ بڑھیں، خواتین عزت اور خود مختاری کے ساتھ زندگی گزاریں اور نوجوان مستقبل کی طرف امید کی نگاہ سے دیکھ سکیں۔آصفہ بھٹو نے کہا کہ میں گلگت بلتستان کے عوام کے لئے امن، خوشی اور پائیدار خوشحالی کے لئے دعا گو ہوں۔









