مریم اورنگزیب 12

سہیل آفریدی اپنے عہدے کی تضحیک کروا رہے ہیں’مریم اورنگزیب

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ سہیل آفریدی اپنے عہدے اور آفس کی بے توقیر ی اور تضحیک کروا رہے ہیں۔اپنے بیان میں ا نہوں نے کہا کہ پولیس کے سر پھاڑنے، آنکھیں پھوڑنے والے غنڈے پھر سے حملہ آور ہیں، مار دو، جلا دو، آگ لگا دو والے غنڈے پھر ریاست پر حملہ آور ہونے کے لیے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی مہذب ملک میں کوئی بھی ریاست پر جتھے لے کر حملہ آور نہیں ہو سکتا، فارن فنڈڈ فتنہ ایک دفعہ پھر پاکستان کے خلاف حملہ آور ہے۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ”اوئے آئی جی”،”اوئے ایس ایس پی”،”’اوئے وزیراعظم”میں تمہیں گھسیٹوں گا والا جتھہ پھر سے حملہ آور ہے، پولیس کے سر پھاڑنے، پولیس کی آنکھیں پھوڑنے والے غنڈے پھر سے حملہ آور ہیں، ان سیاسی دہشت گردوں کا فسادی انداز نہ بدلا ہے اور نہ بدلے گا،27ستمبر کو 2014 کا ریپیٹ دھرنا اور 9مئی نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے پی ٹی آئی کو فارن فنڈڈ فتنہ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ سیاسی جماعت نہیں بلکہ بیرونی فنڈنگ کے تحت پاکستان کے خلاف منصوبہ بندی کرنے والوں کی سہولت کار ہے۔

سیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھ کر پی ٹی آئی نے ہمیشہ ریاست کے خلاف دہشت گردی کی ہے۔مریم اورنگزیب نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیا احتجاج اس لیے کیا جا رہا ہے کہ ملک کیوں ڈیفالٹ سے بچ گیا اور پاکستان کی سفارتی ساکھ کیوں بحال ہوئی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کی تیاری کرنے والے عناصر ایک مرتبہ پھر پولیس اور رینجرز اہلکاروں پر حملوں، ایمبولینسز جلانے اور عوام کے کاروبار، روزگار، نوجوانوں کی تعلیم اور مزدوروں کے روزگار کو متاثر کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں