امیر سعید ایروانی 10

سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی اسرائیلی دھمکی ریاستی دہشت گردی ہے، ایران

نیویارک(رپورٹنگ آن لائن)اقوامِ متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای کو قتل کرنے کی حالیہ دھمکی کے خلاف اقوامِ متحدہ میں باضابطہ احتجاج درج کرایا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کو لکھے گئے ایک خط میں امیر سعید ایروانی نے کہا کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کی یہ دھمکی ایرانی حکومتی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی ایک سوچی سمجھی اور منظم ریاستی دہشت گردی کی پالیسی کا حصہ ہے۔انہوں نے اس دھمکی کو ایران کے خلاف اسرائیلی حکومت کی غیر قانونی جارحانہ کارروائیوں سے جوڑا، جن میں مرحوم ایرانی رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور دیگر اعلی سیاسی و عسکری حکام کا قتل شامل ہے، جو امریکہ کی شرکت، رابطہ کاری اور حمایت سے انجام دیا گیا۔

امیر سعید ایروانی نے مزید کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کو بغیر کسی جواب دہی کے کارروائیاں کرنے کی اجازت دی ہے، اور خبردار کیا کہ تہران کسی بھی دشمنانہ اقدام کا جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سلامتی کونسل کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے منشور کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے سے سزا سے استثنا کا ماحول مضبوط ہوا ہے، جس کے نتیجے میں اسرائیلی حکومت ریاستی دہشت گردی کو معمول بنانے میں مزید دلیر ہو گئی ہے، یہ ایک نہایت خطرناک نظیر قائم کرتا ہے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں