کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے شرجیل میمن کی بیرون ملک جانے سے متعلق درخواست پر پراسیکیوٹر نیب و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔
پیر کو جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس فہیم احمد صدیقی کے روبرو شرجیل میمن کی بیرون ملک جانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل علی واحد ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ شرجیل میمن کی صاحبزادی کا امریکہ کی یونیورسٹی میں داخلہ ہوگیا ہے۔ بیٹی کو یونیورسٹی کے پہلے دن چھوڑنے کی خواہش ہے۔ ملک سے باہر جانے کی اجازت کے لیے شرائط تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ شرجیل میمن کو 15 اگست کو ایک بار کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹر و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 اگست تک جواب طلب کرلیا۔ شرجیل میمن کیخلاف دو سندھ میں ریفرنس اور ایک اسلام آباد میں انکوائری جاری ہے۔ شرجیل میمن نے سندھ ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانتیں حاصل کررکھی ہیں۔ شرجیل میمن کیخلاف آمدن سے اثاثے بنانے، غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر ریفرنس دائر ہوچکے ہیں۔ شرجیل میمن کیخلاف جعلی اکاونٹس انکوائری بھی جاری ہے۔









