( اوکاڑہ ) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت انسدادِ سموگ سرگرمیوں اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن بھر میں سموگ کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات، متعلقہ محکموں کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، آصف رضا اور محمد اکرام ملک، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عروشہ مقبول سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ سموگ کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے۔
کمشنر ساہیوال نے واضح کیا کہ فصلوں کی باقیات جلانے والے کاشتکاروں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ انسدادِ سموگ اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
ڈاکٹر آصف طفیل نے مزید کہا کہ صاف اور صحت مند ماحول کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے تمام محکموں کو اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور سنجیدگی سے ادا کرنا ہوں گی۔








