ساہیوال 14

وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کی تقسیم بارے ضلع ساہیوال میں تقریب کا انعقاد

اوکاڑہ ( شیر محمد)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے ضلع ساہیوال میں وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت جیتنے والے خوش نصیب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی تقسیم کیلئے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ممبرصوبائی اسمبلی ملک محمد ارشد، پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلات ملک قاسم ندیم، کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، سپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر، ڈائریکٹر جنرل زراعت انفارمیشن نوید عصمت کاہلوں، ڈائریکٹر زراعت ساہیوال ڈاکٹر طاہر جاوید، حاجی احسان الحق ادریس سمیت دیگر متعلقہ افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

گرین ٹریکٹرز پروگرام کے چوتھے مرحلے کے تحت 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز کی فراہمی کے لیے فی ٹریکٹر 7 لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔ضلع ساہیوال میں مجموعی طور پر 205 کسان کامیاب قرار پائے جن میں سے 177 کسانوں کو ٹریکٹر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی اور گیم چینجر پروگرام ہے جس کا مقصد کسانوں کو جدید مشینری تک رسائی فراہم کر کے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو جدید سہولیات کی فراہمی اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب نے گندم کی خریداری کیلئے4500 روپے فی من قیمت مقرر کی ہے جس سے گندم کی آئندہ فصل کاشتکاروں کیلئے منافع بخش بن گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ گندم کے بیج پر کاشتکاروں کے لیے 45 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے، جبکہ کسان کارڈ کے تحت گندم کے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کی خریداری کے لیے 150 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔کسان کارڈ کے ذریعے ڈی اے پی کھاد کی خریداری کیلئے17ارب روپے کی اضافی بلاسود رقم بحساب 3500 روپے فی ایکڑ فراہم کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں