اوکاڑہ ( شیر محمد) جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر محمد آصف طفیل, اراکین صوبائی اسمبلی پیر سید ولایت حسین شاہ کھگہ، نوید اسلم خان لودھی، سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایم ڈی سیڈ کارپوریشن ڈاکٹر فرحان فاروق، راو سعد اجمل، ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوں، شہباز اختر اور ڈاکٹر عامر رسول، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جبکہ پاکپتن سے ممبر صوبائی اسمبلی جاوید چوہدری، ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں گندم کی کاشت کے اہداف اور کھادوں کی دستیابی سمیت دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں گندم کی کاشت کی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرکے کاشتکاروں کے دل جیت لئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں سیزن کے دوران صوبہ میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ساہیوال ڈویژن کے لیے 8 لاکھ 65 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جائے گی۔
صوبائی وزیر زراعت نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام، گھوڑی پال اور نمبرداری گرانٹ کے تحت مختص رقبوں پر بھی گندم کی کاشت ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کھادوں کی مینوفیکچرنگ، درآمد اور صوبہ بھر میں بروقت فراہمی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے اور ربیع سیزن کے لیے کھادوں کے وافر ذخائر دستیاب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم کی خریداری کا طریقہ کار 15 مارچ تک وضع کر دیا جائے گا۔ اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے کہاکہ صوبہ بھر میں کھادوں کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ تمام فرٹیلائزر ڈیلرز کی دکانوں پر سرکاری نرخ نامے آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر محمد آصف طفیل نے کہا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے محکمہ زراعت کے ساتھ مل کر فعال عملی کردار ادا کرے گی۔









