اوکاڑہ ( شیر محمد)تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رائے ناصر زمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سردار علی حیدر ڈوگر نے بطور مہمان اعزاز تقریب میں شرکت کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل زاہد عقیل، اساتذہ کرام اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کے دوران ماہر اقبالیات پروفیسر ڈاکٹر اظہر رضا اقبالی نے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی شخصیت، فکر و فلسفے، شاعری اور قومی و ملی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا کلام نوجوان نسل کے لیے خودی، خود اعتمادی، بلند حوصلے اور عملی جدوجہد کا پیغام ہے۔ اس موقع پر منعقدہ مشاعرے میں شرکاء اور طلباء نے علامہ اقبال کے کلام سے منتخب اشعار پیش کرکے محفل کو خوبصورت ادبی رنگ دیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رائے ناصر زمان نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی شاعری نوجوان نسل کے لیے فکری رہنمائی اور عملی زندگی میں کامیابی کا بہترین ذریعہ ہے۔ اقبال کا پیغام خودی، خود اعتمادی، بلند حوصلے اور مسلسل محنت کا درس دیتا ہے، جسے اپنا کر نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکتے ہیں۔
تعلیمی اداروں میں یوم اقبال کے حوالے سے ایسی تقریبات کا انعقاد طلباء میں ادبی ذوق، قومی شعور اور اپنی تہذیبی و فکری شناخت سے وابستگی کو فروغ دیتا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل زاہد عقیل نے کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور نئی نسل کو اپنے عظیم شعراء اور ادبی ورثے سے روشناس کروانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ علامہ اقبال کا کلام محض شاعری نہیں بلکہ ایک مکمل فکری تحریک ہے جو نوجوانوں کو خود شناسی، بلند نظری اور مقصد حیات کا شعور عطا کرتی ہے۔ یوم اقبال کے موقع پر سیمینار اور مشاعرے کا انعقاد نوجوانوں میں ادب و ثقافت سے محبت پیدا کرنے اور اقبال کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کی مؤثر کاوش ہے۔









