لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے سرگودھا میں سات سالہ بچی منتہیٰ کے مبینہ زیادتی کی کوشش کے بعد قتل کے دلخراش واقعہ پر گہرے دکھ اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ سرگودھا میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک، دردناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔
ایک معصوم بچی کو درندگی کا نشانہ بنانے کی کوشش کے بعد قتل کرنا انسانیت سوز جرم ہے، ایسے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ معصوم منتہیٰ کے قاتل کو نشانِ عبرت بنا دیا گیا ہے۔ یہ انجام ہر اس درندہ صفت انسان کے لیے واضح پیغام ہے جو کسی معصوم بچی کی عزت، جان یا وقار پر حملہ کرنے کی سوچ بھی رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بچیوں کے خلاف ایسے سفاک جرائم کرنے والوں کے لیے کوئی نرمی، کوئی رعایت اور کوئی راستہ نہیں۔ جو بھی معصوم بچیوں کو درندگی کا نشانہ بنانے کی کوشش کرے گا، اسے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس رپورٹ کے مطابق دکان کے ملازم ارسلان نے معصوم بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کی اور بچی کے شور مچانے اور مزاحمت پر اسے چھری کے وار کر کے قتل کر دیا۔ کرائم سین پروسیسنگ اور مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں اور بچیوں کے خلاف ایسے جرائم معاشرے کے لیے ناسور ہیں۔ ان درندہ صفت ملزمان کی اس معاشرے میں کوئی جگہ نہیں۔ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن”خواتین کے لیے محفوظ پنجاب”کے تحت خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ بچیوں کے خلاف جنسی تشدد، زیادتی کی کوشش اور قتل جیسے واقعات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ایسے کیسز میں فوری کارروائی، مضبوط تفتیش، مؤثر پراسیکیوشن اور جلد انصاف یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا پولیس کی جانب سے فوری کارروائی، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم تک پہنچنے، لاش کی برآمدگی اور آلہ قتل کی ریکوری قابلِ ذکر ہے، تاہم ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔حنا پرویز بٹ کا تعزیتی پیغام میں کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ معصوم منتہیٰ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور متاثرہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔









