اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ٹیلی فون پر ان کے بڑے بھائی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ٹیلی فون پر نہایت گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں گفتگو کی۔
وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیراعظم کے مرحوم بھائی کی مغفرت کیلئے دعا کی اور اس مشکل وقت میں وزیراعظم انور ابراہیم اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔ملائیشیا کے وزیراعظم نے اپنے بھائی کے انتقال پرتعزیت کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص اقتصادی تعاون کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔









