سندھ ہائی کورٹ 7

ایم ڈی کیٹ کی مبینہ متنازع آنسر کیز کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ایم ڈی کیٹ 2026 کی مبینہ متنازع جوابی کلید کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ نواز ڈاہری ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، سکھر آئی بی اے، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سمیت 6 فریقین کو نامزد کیا گیا ہے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا سوالیہ پرچہ اور جوابی کلید فوری طور پر ویب سائٹ پر جاری کرنے کی ہدایت کی جائے اور دونوں کو 3 روز کے اندر ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سوالیہ پرچہ دیکھے بغیر امیدواروں کیلئے جوابی کلید کو مؤثر انداز میں چیلنج کرنا ممکن نہیں۔درخواست کے مطابق 20 ستمبر کو ایم ڈی کیٹ کا امتحان ہوا، تاہم امیدواروں کو صرف جوابی شیٹ کی کاربن کاپی فراہم کی گئی اور سوالیہ پرچہ ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ درخواست گزار نے عدالت سے تمام امیدواروں کو سوالیہ پرچہ فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چند نمبروں کا فرق بھی امیدوار کے میرٹ اور میڈیکل کالج میں داخلے پر اثرانداز ہوسکتا ہے، اس لیے حتمی میرٹ لسٹ جاری کرنے سے قبل معاملے کو شفاف بنایا جائے۔ درخواست گزار نے حتمی میرٹ لسٹ اور داخلوں کو حتمی شکل دینے سے روکنے کی بھی استدعا کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں