سندھ ہائی کورٹ 7

افغان میڈیکل طلبہ کو کلاسز سے روکنے کا حکم معطل

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ میں افغان میڈیکل طلبہ کو ملک بدر کیے جانے کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں کے وکیل افتخار شاہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے افغان طلبہ کو کلاسز لینے سے روک دیا ہے، ان کی بائیومیٹرک رسائی ختم کردی گئی جبکہ ہاسٹل سے بھی بے دخل کیا جارہا ہے، حالانکہ عدالت پہلے ہی افغان طلبہ کو بے دخل کرنے سے روک چکی ہے۔

پی ایم ڈی سی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انہیں درخواستوں کی نقول فراہم نہیں کی گئیں۔ عدالت نے پی ایم ڈی سی کے وکیل کو درخواستوں کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے افغان طلبہ کو کلاسز لینے سے روکنے کا حکم معطل کرتے ہوئے بائیومیٹرک رسائی بحال کرنے اور آئندہ سماعت تک ان کی تعلیم میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے پی ایم ڈی سی کا جواب جمع ہونے تک درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں