حنیف عباسی 13

حکومت کا مسافر ٹرینوں کی آﺅٹ سورسنگ اوپن آکشن کے ذریعے کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )وفاقی حکومت نے مسافر ٹرینوں کی آﺅٹ سورسنگ اوپن آکشن کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، فیصلے کا اطلاق حالیہ آﺅ ٹ سورسنگ پر بھی ہوگا۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیرِ صدارت اجلاس میں ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سالانہ آمدن کے بینچ مارک پر نظر ثانی کی جائے گی جبکہ ریویژن کیلئے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے، محفوظ ٹرین آپریشن یقینی بنانے کیلئے سیفٹی ڈپارٹمنٹ کو بااختیار ڈائریکٹوریٹ بنایا جائے گا جس کیلئے عملے اور افسران کی ٹرانسفر بھی کر دی گئی۔ اجلاس میں گارڈز اور ڈرائیورز کے رننگ رومز کی حالت پر بریفنگ دی گئی جس پر وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ گارڈز اور ڈرائیورز ریلوے کے دست و بازو ہیں، ان کے کمرے، کچن اور واش رومز بہترین ہونے چاہئیں۔

ذرائع کے مطا بق اجلاس میں طے ہوا کہ جدید طرز پر ماڈل رننگ رومز بنائے جائیں گے جس کا آغاز روہڑی، خان پور اور خانیوال سے ہوگا۔ وریر ریلوے نے کہا کہ 30 مارچ 2026 تک 295 ہائی کپیسٹی فریٹ ویگنیں سسٹم میں شامل ہو جائیں گی، شالیمار ایکسپریس کی تمام اے سی اسٹینڈرڈ اور اے سی پارلر کوچز بالکل نئی ہوں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور اور راولپنڈی ریل کاروں کے مسافر بھی بہتر سفر سے محظوظ ہوں گے، دونوں ریل کاروں کی ری فربشڈ کوچیں 11 نومبر تک سسٹم میں شامل ہو جائیں گی، لاہور نارووال ٹرینوں کے چاروں ریک بھی 8 جنوری کو موصول ہو جائیں گے، وسائل کم لیکن عزم بڑا ہے ریلوے درست سمت کی طرف گامزن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں