لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی شاہ خرچیوں، عیاشیوں، ناقص حکمرانی اور عوام دشمن پالیسیوں نے ملک کے غریب عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے، کوٹ رادھا کشن میں بھاری بجلی کے بل سے تنگ آ کر ایک مزدور کی خودکشی حکمرانوں کی بے حسی اور عوام دشمن نظام کا واضح ثبوت ہے، غربت، مہنگائی اور معاشی مشکلات سے تنگ آکرخاتون کا اپنے چار بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا نا ، صوبے کے دیگر حصوں میں4افراد کا اقدام خودکشی انتہائی تشویشناک اور حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ واقعات محض خبریں نہیں بلکہ اس نظام کے خلاف فردِ جرم ہیں جس نے عام آدمی سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ حکمرانوں کو اپنی مراعات، پروٹوکول اور شاہانہ اخراجات کم کرنے کے بجائے مسلسل ٹیکسوں، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو معاشی دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے صورتحال انتہائی ابتر بنا دی ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین کی تازہ رپورٹ بھی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان کئی شعبوں میں بہتری کے بجائے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
جی ایس پی پلس کی اہم تجارتی سہولت کے باوجود پاکستان اس کے ثمرات سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکا، جبکہ انسانی حقوق، اظہارِ رائے کی آزادی اور قانون کی حکمرانی سمیت متعدد شعبوں میں تشویش برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ کشکول لے کر دنیا بھر میں بھیک مانگنے والے حکمران کبھی خودمختار پاکستان کی بنیاد نہیں رکھ سکتے۔
ملک کو قرضوں اور امداد کے بجائے خود انحصاری، شفاف حکمرانی، مضبوط معیشت اور عوامی فلاح کی پالیسی کی ضرورت ہے۔ حکومت فوری طور پر بجلی کے بلوں، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے، بصورت دیگر عوامی بے چینی مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔









