اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جڑواں شہروں میں بارش کے باعث پیدا ہونے والی اربن فلڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نشیبی علاقوں میں فوری امداد، انخلا ، نکاسیٔ آب اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کرے ،
مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا بروقت امداد فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہونی چاہئے ،کسی بھی شہری کو موسمیاتی ہنگامی صورتحال کے سامنے بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جانا چا ہئے ، اسلام آباد کے مضافات اور راولپنڈی میں لوگ حکومتی توجہ اور امداد کے منتظر ہیں،شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر سیاسی مصلحت سے بالاتر ہونا چا ہئے .
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیئر حسین بخاری نے بھی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے تمام وفاقی و صوبائی ادارے باہمی اشتراک سے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں ،انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی بروقت داد رسی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چا ہئے۔









