توشہ خانہ ریفرنس

توشہ خانہ ریفرنس، آصف زرداری، یوسف گیلانی پر 9 ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نواز شریف کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مخر کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت جج سید اصغر علی نے کی، اس موقع پر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، وکیل فاروق ایچ نائیک، آصفہ بھٹو، راجہ پرویزاشرف، اور دیگر بھی موجود تھے۔ احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری پر 9 ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی، عبدالغنی مجید اور انور مجید بھی فردجرم کے لیے 9 ستمبر کو طلب کرلیا۔

دوران سماعت وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری بیمار ہیں، عدالت بھری ہوئی ہے اگر کورونا ہوگیا تو کون ذمےدار ہوگا؟ ہم 7 ناکوں سے ہوکر عدالت پہنچے ہیں۔ جس پر جج احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ مجھے بھی احتساب عدالت پیش ہونے میں مشکلات پیش آئیں،

مجھے بھی چیک پوسٹ پر روکا گیا ،یوٹرن لے کر دوسرے راستے سے آیا،6جگہوں پر ناکے لگے تھے، موٹروے پولیس کے آفس کے راستے عقبی راستے سےعدالت پہنچا، معاملے کو انتظامیہ کے ساتھ اٹھاں گا تاکہ آئندہ ایسی صورتحال نہ ہو۔