لاہور(رپورٹنگ آن لائن)انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے ایک اور مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے یاسمین راشد، محمود الرشید، عمر چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قیدکی سزا اور شاہ محمود کو بری کر دیا ۔
ہفتہ کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کوپولیس کی گاڑیاں جلانے کا مقدمے کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔یہ لاہور میں 9 مئی کے آٹھویں مقدمے کا فیصلہ سنایا گیاہے جبکہ لاہور میں 9 مئی کے 14 مقدمات درج ہیں۔
تھانہ مغل پورہ میں جلائو گھیرائو کے کیس میں مجموعی طور پر 22 ملزمان کا ٹرائل ہوا جس کے بعد عدالت نے 2 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا، 20 میں سے 8 ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں جبکہ 12 کو بری کر دیا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 9 مئی کے دیگر مقدمات میں پی ٹی آئی رہنمائوں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔









