کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ والد کی قربانیاں مہذب معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ والد پرپیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ والد خاندان کا ستون، محبت، ایثار، قربانی، تحفظ اور رہنمائی کی عظیم علامت ہے، والد اپنی اولاد کی بہتر تعلیم، تربیت، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے زندگی بھر انتھک محنت اور جدوجہد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ والد کی شفقت، دانشمندی اور قربانیاں نہ صرف خاندان کی مضبوطی بلکہ ایک مہذب معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، والدین، خصوصاً والد کی دعائیں، رہنمائی اور تجربات ہماری زندگی کا قیمتی سرمایہ اور کامیابی کی بنیاد ہیں، ہم سب پر لازم ہے کہ اپنے والدین کی عزت، خدمت اور ان کے حقوق کی ادائیگی کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ مستحکم خاندانی نظام ہی ترقی یافتہ اور پُرامن معاشروں کی بنیاد ہوتا ہے، اور اس نظام کی مضبوطی میں والد کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے، والدین خصوصاً والد کی قربانیاں، محنت اور کردار ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ اور بہترین نمونہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ والد کے موقع پر میں تمام والدین کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کی صحت، درازیٔ عمر اور کامیابی کے لیے دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے والدین کی قدر کرنے، ان کی خدمت کرنے اور ان کی دعائیں حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔









