مصدق ملک 9

بھارتی آبی جارحیت کی وجہ سے ہمارے 6 ہزار لوگ جاں بحق ہوچکے، اتنے لوگ جنگوں میں بھی نہیں مرتے، مصدق ملک

اسلا م آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہاہے کہ بھارت کی وجہ سے ہمارے 6 ہزار لوگ جاں بحق ہو چکے، اتنے لوگ جنگوں میں بھی نہیں مرتے،سدھ طاس معاہدہ دو ہمسایہ ملکوں کے درمیان تین جنگوں میں بھی قائم رہا، اگر یہ مضبوط ترین معاہدہ قائم نہ رہا تو پھر دنیا کا کوئی بھی معاہدہ قائم نہیں رہ سکتا، کسی کو علاقائی امن یاعالمی امن یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔سندھ طاس معاہدے پر بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان نے تباہ کن سیلابوں کا سامنا کیا، یہ ماحولیاتی مسئلہ نہیں، انصاف کا معاملہ ہے، پاکستان میں بڑے طبقے کا ذریعہ معاش زراعت ہے، اصل مسئلہ پانی کوکنٹرول کرکے بطور ہتھیاراستعمال کرنا ہے۔

مصدق ملک کا کہنا تھا پاکستان واضح کر چکا ہے کہ وہ اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتا نہیں کرےگا، سندھ طاس معاہدہ دنیا کے مضبوط ترین معاہدوں میں سے ایک ہے، کسی کو علاقائی امن یاعالمی امن یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پانی کی عدم دستیابی سےکسان زراعت چھوڑنے پر مجبور ہورہےہیں، پانی کی عدم دستیابی سے صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ بنگلادیش کے لوگ بھی متاثر ہو رہے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا دریائے نیل ہو یا فرات، ہر جگہ اسی قسم کی کہانیاں ہیں، پاکستان، افریقا یا بنگلادیش، ہر جگہ ایک جیسی کہانیاں ہیں، بھارت ہمارے پانی کے بہا ﺅکو کنٹرول ہی نہیں کرتا، بلکہ دنیا کا تیسرا آلودگی پھیلانے والا ملک بھی ہے، 6 ہزار لوگ جنگوں میں بھی نہیں مرتے لیکن بھارت کی وجہ سے ہمارے 6 ہزار لوگ جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا سندھ طاس معاہدہ دو ہمسایہ ملکوں کے درمیان تین جنگوں میں بھی قائم رہا، اگر یہ مضبوط ترین معاہدہ قائم نہ رہا تو پھر دنیا کا کوئی بھی معاہدہ قائم نہیں رہ سکتا، عالمی ثالثی عدالت بہت واضح فیصلے دے چکی، عالمی ثالثی عدالت قرار دےچکی کہ کوئی ملک یکطرفہ طور پرسندھ طاس معاہدہ معطل یا ختم نہیں کرسکتا، ثالثی عدالت قرار دے چکی کہ بھارت پاکستان کے حصے کے پانیوں پر پانی کے ذخائر نہیں بنا سکتا۔مصدق ملک نے کہا کہ بھارت عالمی ثالثی عدالت کے فیصلوں کو تسلیم کرنے بھی انکاری ہے، اگر یہ معاہدہ کامیاب نہیں ہوا تو پھر دنیا کے ہر نشیبی ملک کے حصے کا پانی روکا جائےگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں