کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور کارروائی کے دوران 15 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کارروائی میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز کی چوکس نگاہیں اور لازوال قربانیاں پاکستان کیلئے ایک مضبوط ڈھال ہیں۔ جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر وطن عزیز کے دفاع اور عوام کے تحفظ کیلئے فرائض انجام دے رہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دہشتگردی کو پاکستان میں امن اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے قومی سطح پر متحد ہوکر مؤثر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہمسایہ سرزمین کے استعمال کو روکنے کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
کسی بھی ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم کو اپنے جوانوں کی قربانیوں اور خدمات پر فخر ہے، جبکہ دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کیلئے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور ملک دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔








