اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی کے تحت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق امور، بالخصوص جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر میں حالیہ انتخابات کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے انعقاد اور انتخابی عمل کے حوالے سے انجینئر امیر مقام کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی کے تحت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔









