لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کی شاعری اور افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری، خودی اور آزادی کا جذبہ پیدا کیا اور نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل کی جدوجہد کا راستہ دکھایا۔علامہ اقبال کے 149ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اقبال کی شاعری نے برصغیر کی معاشرت پر گہرے اثرات مرتب کیے اور ان کے افکار نے نہ صرف برصغیر بلکہ پوری دنیا میں گہرے نقوش چھوڑے۔
اقبال نے دوقومی نظریے کا تصور پیش کیا اور مسلمانوں کو اپنی الگ شناخت، تشخص اور آزادانہ حیثیت کا شعور دیا۔انہوں نے کہا کہ کلام اقبال نے ملت میں خودی کا جذبہ بیدار کیا اور مسلمانوں کو غلامانہ سوچ سے نکل کر خود اعتمادی اور آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کا درس دیا۔ علامہ اقبال کی شاعری میں آزادی، مساوات، خودداری اور باعزت زندگی گزارنے کا پیغام نمایاں ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اقبال کا پیغام محض شاعری تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک زندہ قوم کی تعمیر، فکری آزادی اور عملی جدوجہد کا راستہ دکھاتا ہے۔ ان کے افکار انسانوں کو مایوسی سے نکال کر روشن مستقبل کی امید اور جدوجہد کی طرف راغب کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ علامہ اقبال اور سید ابوالاعلیٰ مودودی کی فکر میں گہری مماثلت پائی جاتی ہے۔ دونوں نے مسلمانوں کی فکری و نظریاتی تربیت، اسلامی تشخص کے تحفظ اور ایک بامقصد معاشرے کی تشکیل پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں، پالیسی سازوں اور قومی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ فکر اقبال کو محض تقریبات اور تقاریر تک محدود رکھنے کے بجائے اسے قومی پالیسی کا حصہ بنائیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اقبال کے افکار کی روشنی میں عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ قوم کو درپیش مسائل اور مشکلات سے نکال کر ترقی، خودمختاری اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔









