ارشد ندیم 10

ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کے دفاع کیلئے تیار

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز میں ایک بار پھر تاریخ دہرانے کے لیے پر عزم ہیں ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کے دفاع کےلئے تیاری مکمل کر لی ہے۔

ارشد ندیم نے 2022 کامن ویلتھ گیمز میں ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا کہتے ہیں تیاری مکمل ہے ابھی بھی ویسی پوزیشن ہے جیسے 2022 میں تھی۔

پنجاب سٹیڈیم لاہور میں آخری سیشن کے بعد گفتگو میں ارشدندیم نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے اچھی تیاری ہو گئی ہے کامن ویلتھ گیمز جیسے بڑے ایونٹ سے قبل سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مقابلے میں حصہ لوں گاکسی بھی بڑے ایونٹ سے قبل ایک ایونٹ میں حصہ لیتا ہوں اس سے سٹرنتھ اور تیاری کا اندازہ بھی ہو جاتا ہے۔

ارشد ندیم نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز 2022 کی یادیں اب بھی تازہ ہیں جیسے 2022 میں کامن ویلتھ گیمز کا ریکارڈ توڑا تھا تو ابھی بھی ویسی پوزیشن میں ہوں، چار سال گزر گئے تو اس بات کا پریشر بھی ہے کہ چار سال سے چیمپئن ہوں اور اب بھی کچھ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا مقابلہ ہمیشہ خود سے رہا ہے اس مرتبہ بھی اچھا کرنا ہے سری لنکا کے کھلاڑی نے بھی اچھی تھرو کی ہے، مقابلہ اس بار سخت ہوگا لیکن اس کے لئے تیاری ہے۔

ارشد ندیم نے کہا کہ میدان میں اترنے کا دباؤ ہمیشہ ہوتا ہے بس تب پریشر کو کنٹرول کرنا ہوتا ہےکامن ویلتھ گیمز کے اعزاز کی کیرئیر میں اہمیت کا اندازہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا اتھلیٹ ہوں جس نے اولمپکس کے لیے ڈائریکٹ کوالیفائی کیا تھامیری فینز سے دعاؤں کی درخواست ہے کہ اللہ مجھے فٹ رکھے اور میں اسی طرح تھرو کروں جیسے کرتا آ رہا ہوں۔

واضح رہے کہ اولمپئین ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز سے قبل بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کے لئے آج سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں