اسحاق ڈار

احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری معطل کر دیئے

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما، سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری معطل کر دئیے۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے استدعا کی کہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری منسوخ کیے جائے، وہ ایئر پورٹ پر اترتے ہی سیدھے عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔عدالت نے سوال کیا کہ پراسیکیوٹر افضل قریشی کہاں ہیں؟ڈیوٹی پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ پراسیکیوٹر افضل قریشی عمرے کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے ہیں،احتساب عدالت اسلام آباد نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ 7 اکتوبر تک معطل کر دئیے۔جج محمد بشیر نے کہا کہ اسحاق ڈار پاکستان واپس آ جائیں پھر وارنٹ کی منسوخی کو دیکھیں گے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے حکم دیا کہ اسحاق ڈار کو واپسی پر گرفتار نہ کیا جائے، وارنٹِ گرفتاری مکمل طور پر اس وقت کینسل ہوں گے جب اسحاق ڈار عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے رواں برس مئی میں سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثہ جات ریفرنس میں دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔