لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے 10مختلف مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم قیصر کی درخواست ضمانت عدم پیروی پر خارج کردی۔جسٹس محمد امجد پرویز نے ملزم قیصر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد ناصر تفتیشی افسر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر مقدمے کا ریکارڈ طلب کیے جانے کے باوجود ریکارڈ پیش نہ کرنے پر سخت اظہار ناراضگی کیا۔ جسٹس محمد امجد پرویز نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت پر مقدمے کا ریکارڈ طلب کیا گیا تھا، ریکارڈ کیوں پیش نہیں کیا گیا؟ ۔عدالتی حکم پر عملدرآمد میں کیوں کوتاہی کی گئی؟ ۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد ناصر نے عدالت کو بتایا کہ ریکارڈ پیش کردیا گیا ہے،
آئندہ عدالتی احکامات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔عدالت نے ملزم قیصر کی درخواست ضمانت کا کیس کال کروایا تاہم ملزم کی جانب سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہ ہوا، جس پر عدالت نے درخواست ضمانت عدم پیروی پر خارج کردی۔پولیس کے مطابق ملزم قیصر پر مدعی مقدمہ کے گھر سے ساڑھے چار تولے سونا اور نقدی چوری کرنے کا الزام ہے۔ ملزم کے خلاف 2023ء سے اب تک مختلف تھانوں میں دس مقدمات درج ہوچکے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران عدالتی احکامات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔









