صدر پی ٹی آئی پنجاب

آزادی مارچ پاکستان کی حقیقی آزادی ، خودمختاری کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا،صدر پی ٹی آئی پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن )پی ٹی آئی پنجاب کے صدر شفقت محمود نے کہا ہے کہ تحریک انصاف متحد ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کے صدر شفقت محمود کی زیر صدارت ضلعی صدور،جنرل سیکرٹریز اورایڈوائزری کونسل کا اجلاس ہوا ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ تحریک انصاف متحد ہے ، آزادی مارچ پاکستان کی حقیقی آزادی ، خودمختاری کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں کی غیر معمولی پذیرائی نے آزادی مارچ کی کامیابی پر پیشگی مہر ثبت کر دی ہے۔ دوسری طرف سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اجلاس میں آزادی مارچ کیلئے موبلائزیشن اور حتمی تیاریوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ہے۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ شفقت محمود کی جانب سے عہدیداروں کو آزادی مارچ کے لئے ذمے داریاں تفویض کی گئیں، شرکا نے آزادی مارچ کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں وفاقی ،صوبائی حکومت کے ممکنہ منفی ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کیلئے تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ واضح رہے کہ اجلاس میں راجہ یاسر ہمایوں،مسرت جمشید چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد،محمود الرشید ،اسلم اقبال سمیت دیگر نے شرکت کی۔