فریال تالپور 15

یومِ شہدائے پولیس: فریال تالپور کا پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت، قربانیوں کو قومی تاریخ کا روشن باب قرار

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں سندھ سمیت ملک بھر کے پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے شہید افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیاں پاکستان کی بہادری، استقامت اور امن کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن کے امن، عوام کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے پولیس شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ اپنی جانیں قربان کرنے والے ان بہادر سپوتوں اور بیٹیوں کی قربانیاں ہمیشہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔فریال تالپور نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قانون کی حکمرانی اور جمہوری پاکستان کی بنیاد رکھی، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے انتہاپسندی کے خلاف جدوجہد اور پْرامن، جمہوری پاکستان کے قیام کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ، آئین کی بالادستی اور مضبوط قومی اداروں کے فروغ کے لیے پْرعزم ہیں۔فریال تالپور نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام پولیس شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے اور وطنِ عزیز کو ایسا پْرامن، محفوظ اور انصاف پر مبنی ملک بنائے جہاں قانون کی حکمرانی اور انسانی وقار ہمیشہ سربلند رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں