اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اعلی تعلیم کا فروغ، تحقیق و جدت کی حوصلہ افزائی اور نوجوان نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا قومی ترقی، معاشی استحکام اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات محض تدریسی مراکز نہیں بلکہ فکری رہنمائی، قومی تعمیر، سائنسی پیش رفت اور معاشرتی ترقی کے مراکز ہیں، جو پاکستان کو علم پر مبنی معیشت کی جانب لے جانے میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے لاہور میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود ربانی شامل تھے۔ ملاقات میں اعلی تعلیم، تعلیمی معیار، ادارہ جاتی ترقی اور جامعات کو درپیش امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں ضروری ہے کہ اعلی تعلیمی ادارے روایتی تدریس سے آگے بڑھ کر تحقیق، تنقیدی سوچ، اختراع اور مہارتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ نوجوان نسل کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جامعات کو قومی ترقی کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے سماجی و اقتصادی چیلنجز کے حل میں بھی فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ملاقات کے دوران وائس چانسلرز نے نصاب کی جدید خطوط پر تشکیل، اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے، تحقیقی فنڈنگ، اور صنعت و جامعات کے مابین روابط کے فروغ سمیت اہم امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے جامعات کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے اور سرکاری و نجی شعبے کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اختراع، روزگار کے مواقع اور علمی ترقی کو مزید تقویت دی جا سکے۔قائم مقام صدر نے کہا کہ تعلیمی پروگراموں کو قومی ترجیحات اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جامعات نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں، برداشت، شمولیت، جمہوری اقدار اور سماجی ذمہ داری کے شعور کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کریں۔سید یوسف رضا گیلانی نے اعلی تعلیمی اداروں کی معاونت اور انہیں عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم، کوالٹی اشورنس، تعلیم تک رسائی میں توسیع اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے تعلیمی نتائج کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل علم، تحقیق اور اختراع سے وابستہ ہے اور جامعات اس قومی سفر میں قائدانہ کردار ادا کریں گی۔ملاقات کے اختتام پر اعلی تعلیم کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے، اجتماعی کاوشوں کے ذریعے پاکستان میں علم پر مبنی معیشت کے قیام، اور تعلیمی ترقی کے قومی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔









