شفیع جان 18

ہم پورا پاکستان بند کرنے کا پلان کر رہے ہیں، ہماری تیاری فول پروف ہے،شفیع جان

پشاور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ ہم پورا پاکستان بند کرنے کا پلان کر رہے ہیں، ہماری تیاری فول پروف ہے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ ہم نے 2 سال میں احتجاج اور دھرنے کی کوئی بات نہیں کی، موجودہ وقت میں کوئی بھی بریک تھرو نہیں ہو سکتا، اب جو بھی ہو گا 27 ستمبر کے بعد ہو گا، ہماری توجہ 27ستمبر کے مارچ پر ہے۔وزیراطلاعات کے پی شفیع جان نے کہا کہ 2سال میں ہم نے مذاکرات کو بھی وقت دیا، وزیراعظم اتنا بے بس ہے کہ اپوزیشن لیڈر سے ملاقات نہیں کر پا رہا، جب بھی ایسا مومنٹم بنتا ہے تو حکومت پر خوف طاری ہو جاتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اگر ان کے پاس عدالتی فیصلہ ہے تو ہمارے پاس آئین پاکستان ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے پوچھنا چاہیے آپ نے بانی کی صحت پر 20 فیصلے دیئے، ان فیصلوں پر کوئی عمل درآمدنہیں ہو رہا،ہائیکورٹ اپنے فیصلوں پر عمل کروائے۔شفیع جان نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اپنی ساکھ اور وقار کو بحال کرے، عدالتی فیصلے پر ریویو پٹیشن کیلئے قانونی ٹیم مشاورت کر رہی ہے، بیرسٹر گوہر کا محسن نقوی سے رابطہ رہتاہے، محسن نقوی پریس کانفرنس میں دھمکیاں دے رہے تھے، کہتے ہیں گولی چلائیں گے تو ہم بھی گولی چلائیں گے،ہم نے کب گولی چلائی؟ ہم 27ستمبر کو نکلیں گے،20لاکھ سے زیادہ لوگ ساتھ ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ کے پی کاقافلہ سہیل آفریدی کی قیادت میں اسلام آبادکی طرف بڑھیگا، باقی صوبوں کے لوگوں کو ہم اسلام آباد کی طرف نہیں بلا رہے، کے پی کے قافلے کے لیے 4 پلان ہم نے بنائے ہیں،

27سے 3دن پہلے ہم بتائیں گے اسلام آباد میں کیا کرنا ہے،کہاں بیٹھناہے، اس بار ہماری تیاری فول پروف ہے، انہوں نے جتنی بڑھکیں مارنی ہیں 27ستمبر سے پہلے مار لیں، ہمارے پاس بھی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔وزیر اطلاعات کے پی کے نے کہا کہ اس بار جو پلان ہم نے کیا ہے ان کے ہوش ٹھکانے آجائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم لاہور،حیدرآباد،کراچی اور بڑے شہروں کو بند کریں گے، ہمارے ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداران اپنے شہر بند کریں گے، کے پی کا قافلہ اسلام آباد کی طرف بڑھیگا، ہم پورا پاکستان بند کرنے کا پلان کر رہے ہیں ، بڑے شہروں کی اہم شاہراوں پر ہمارے لوگ بیٹھیں گے، جو کنٹینر ہم کے پی سے روانہ کریں گے اسکی ڈرائیونگ سیٹ پر سہیل آفریدی ہوں گے، اس کنٹینر پر واضح اور بڑے انداز میں لکھا ہو گاآزادی یا شہادت ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں