کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں 22 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی، جس میں گٹکا، ماوا، مین پوری اور منشیات کے خلاف سخت قوانین، سرکاری ملازمین کے ریلیف پیکیج اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری شامل ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گٹکا، ماوا اور مین پوری کی تیاری، فروخت اور نقل و حمل کے خلاف سخت قانون سازی کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ ان جرائم کی سزائیں مزید سخت کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں گٹکا، ماوا اور مین پوری بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا کیونکہ اس کے باعث بڑی تعداد میں نوجوان منہ کے کینسر جیسے مہلک مرض کا شکار ہو رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے بتایا کہ نارکوٹکس کنٹرول ڈپارٹمنٹ کو بھی متعلقہ اختیارات دیے جائیں گے تاکہ قانون پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے سرکاری ملازمین کے لیے ریلیف پیکیج کی بھی منظوری دی ہے۔ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کے لیے فریز شدہ بنیادی تنخواہ 2022 پر 2 فیصد ڈیفرینشل الاؤنس منظور کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی سرکاری ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ بھی منظور کیا گیا ہے۔ خصوصی افراد کے لیے اسپیشل کنوینس الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے، تمام الاؤنسز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
وزیر اطلاعات سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت 6 لاکھ 65 ہزار میٹرک ٹن گندم پاسکو سے خریدے گی جبکہ 5 لاکھ ٹن گندم درآمد بھی کی جائے گی تاکہ ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہو، انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت نے گندم کی ترسیل روک کر آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کے مسئلے کے حل کے لیے ناردرن بائی پاس پر 400 ایکڑ پر مشتمل جدید ٹرک سٹینڈ قائم کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کا دباؤ اور حادثات میں کمی آئے گی۔
شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ کنری مرچ منڈی کے لیے 22 ایکڑ زمین مختص کرنے، ڈملوٹی واٹر لائن منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت، چین میں عالمی فورم میں شرکت اور آبی مسائل، موسمیاتی تبدیلی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق ٹاسک فورسز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیر اطلاعات سندھ نے آزاد کشمیر کے انتخابات، پنجاب حکومت، بارشوں کی صورتحال اور وفاقی حکومت سے متعلق مختلف سیاسی معاملات پر بھی تنقید کرتے ہوئے متعدد الزامات عائد کیے۔









