اوکاڑہ ( شیر محمد )اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے علاوہ تمام صوبائی اور وفاقی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں سمگلنگ کے خاتمے، غیر قانونی پٹرول پمپس اور غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے خلاف کارروائیوں، بجلی چوری کی روک تھام اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
اس کے علاوہ دینی مدارس کی رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لانے اور اوورسیز پاکستانیوں کی موصول ہونے والی شکایات کے فوری اور شفاف حل کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام ضلعی، صوبائی اور وفاقی ادارے باہمی کوارڈینیشن کو مضبوط بنائیں تاکہ عوامی مسائل کا حل تیزی سے ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز یکساں کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ بضلع بھر میں بغیر این او سی چلنے والے غیر قانونی پٹرول پمپس اور خطرناک ایل پی جی ری فلنگ شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے۔
سمگلنگ قومی معیشت کے لیے زہرِ قاتل ہے، اس کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکمے مل کر ٹھوس اور جامع اقدامات کریں۔ بجلی چوروں کے بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائی جاری رہے گی اور اس جرم میں معاونت کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ شہر کی سڑکوں اور بازاروں کو تجاوزات سے پاک کر کے آمد و رفت کو سہل بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل قانون کے مطابق اور آسان بنایا جائے تاکہ تمام کوائف شفاف اور محفوظ رہیں۔ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی جائیدادوں اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔تمام افسران دفتروں سے نکل کر فیلڈ میں خود کارروائیوں کی نگرانی کریں۔








