پروفیسر فاروق افضل

ڈسپلن،مریضوں کی بہتر نگہداشت اور سہولتوں میں اضافہ ترجیحات ہیں: پروفیسر فاروق افضل

لاہور22مئی:(زاہد انجم سے) امیر الدین میدیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال میں تعینات نئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

ہیلتھ پروفیشنلز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے سرکاری فرائض قومی لگن اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے ادا کرنے ہوتے ہیں اور بالخصوص موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں زیادہ بڑھ چڑھ کر کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ہیلتھ ویژن کے مطابق ٹیم ورک کے ذریعے اداروں میں مزید بہتری لانا اُن کا مشن ہوگا۔

     پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ ڈسپلن،مریضوں کی بہتر نگہداشت اور اُن کیلئے سہولتوں میں اضافہ اُن کی ترجیحات ہیں، اس سلسلے میں میکانزم مرتب کر لیا ہے جس کی روشنی میں عمل کرتے ہوئے شہریوں کو ایل جی ایچ میں کوالٹی ہیلتھ کئیر کی بروقت سہولیات ہمہ وقت دستیاب ہونگی۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے اپنے ادارے ہیں اور ہم سب نے مل کر ان کی آبیاری کرنا ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ انشاء اللہ سب کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کو بہتر سے بہتر بنانے کی کاوشیں جاری رکھی جائیں گی اور وہ اپنے اوپر کیے گئے اعتماد پر ہر صورت میں پورا اتریں گے۔