وانگ ای 31

ایران کو پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال کا جائز حق حاصل ہے، چینی وزیر خا رجہ

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے بیجنگ میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔

بدھ کے روز ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری اور قومی وقار کا مضبوطی سے تحفظ کرے گا، اور ساتھ ہی پرامن مذاکرات کے ذریعے تنازع کا جامع اور مستقل حل تلاش کرنے کی کوشش کرے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے تحفظ اور فروغ کے لیے پیش کردہ چار نکاتی تجاویز کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ایران چین پر اعتماد کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ چین امن کی بحالی اور جنگ بندی میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کے بعد ترقی اور سلامتی کو یکجا کرنے والے نئے علاقائی ڈھانچے کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔

وانگ ای نے زور دے کر کہا کہ چین ایران کی قومی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے، اور تنازع کے سیاسی حل کے لیے سفارتی ذرائع اپنانے کی تعریف کرتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں معمول کی محفوظ جہاز رانی کی بحالی بین الاقوامی برادری کی مشترکہ خواہش ہے اور چین امید کرتا ہے کہ متعلقہ فریق جلد از جلد بین الاقوامی برادری کی مضبوط آواز کا جواب دیں گے۔

وانگ ای نے کہا کہ چین ایران کے جوہری ہتھیار نہ بنانے کے وعدے کی تعریف کرتا ہے، اور ساتھ ہی یہ بھی مانتا ہے کہ ایران کو پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال کا جائز حق حاصل ہے۔ چین اس بات کی حمایت کرتا ہے کہ خطے کے ممالک مل کر ایک ایسا علاقائی امن و سلامتی کا ڈھانچہ قائم کریں جس میں سب کی شرکت ہو ، مشترکہ مفادات کا تحفظ ہو اور اس سے مشترکہ ترقی حاصل ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں