رانا تنویر حسین 5

حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع، جلد بہتری آئے گی،رانا تنویر حسین

شیخوپورہ (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے، مشکل حالات کے بعد بہتری آئے گی۔اپنے آبائی علاقے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ شہباز شریف حکومت کی پالیسیوں اور حکومت نے دن رات محنت کرکے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے خلیجی جنگ کے باعث حکومتی کوششوں کو نقصان پہنچا اور عوام کو وہ ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکا جو حکومت دینا چاہتی تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ہر شعبے میں نمایاں اقدامات کیے ہیں تاکہ عام آدمی کی زندگی آسان بنائی جا سکے، موجودہ حالات میں عام آدمی کو مشکلات اور سخت حالات کا سامنا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ خلیج میں بدلتے ہوئے جنگی حالات ہیں۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت کسانوں کو ان کی فصلوں کی پوری قیمت ادا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، گندم کی نئی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرکے کسانوں کو ریلیف دیا گیا ہے جبکہ کھاد کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا گیا اور انہیں بڑھنے سے روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہر فصل کے لیے معیاری بیج کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں، تاکہ زرعی شعبے کو مضبوط بنایا جا سکے اور کسانوں کو بہتر پیداواری سہولیات میسر آئیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوشش رہی ہے کہ معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، تاہم خلیجی جنگ اور خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال نے ان کوششوں کو متاثر کیا ہے۔رانا تنویر حسین نے امید ظاہر کی کہ مشکل حالات سے گزرنے کے بعد ملک میں بہتری آئے گی اور حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے،عوام کی مشکلات کم کرنا اور عام آدمی کی زندگی آسان بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں