سعید غنی 12

ڈاکٹر محمد عارف ساقی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر سندھ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے،سعید غنی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں استاد کے عزت و وقار کو ملحوظ خاطر رکھنے کی روایت ہے اور ان کا احترام ہم سب پر فرض ہے، پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف ساقی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر سندھ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کو جامعہ کراچی کے شعبہ علوم اسلامیہ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف ساقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، صفورا ٹاؤن کے چیئرمین راشد خاصخیلی اور دیگر پارٹی و بلدیاتی عہدیداران بھی موجود تھے۔سعید غنی نے پروفیسر عارف ساقی سے پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف ساقی نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور کی مداخلت کے بعد پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث تمام شریک ملزمان بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا کسی سے سیاسی، لسانی یا زبان کا کوئی مسئلہ نہ کبھی رہا ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پوری زندگی درس و تدریس سے وابستہ رہی ہے اور آج بھی ان کے ہزاروں شاگرد تدریس کے شعبے سے وابستہ ہونے کے ساتھ مختلف اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ فریال تالپور نے انہیں خصوصی ہدایت کی تھی کہ وہ پروفیسر عارف ساقی سے ملاقات کرکے ان کی عیادت کریں اور انہیں یقین دلائیں کہ سندھ حکومت اس معاملے میں مکمل طور پر ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی حکومت کی ضرورت محسوس ہوگی، وہ ان کے ساتھ موجود ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں