حسن مرتضیٰ 16

چند گھنٹوں کی بارش نے پنجاب حکومت کے تمام دعوے بے نقاب کر دئیے’حسن مرتضی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے حکومتی ترجمان کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون شروع ہونے سے پہلے ہی پنجاب حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے آ چکی ہے،چند گھنٹوں کی بارش نے لاہور میں حکومتی تیاریوں کے تمام دعوے بے نقاب کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقے دریا کا منظر پیش کر رہے ہیں،ابھی تو مون سون کا آغاز ہے، حکومت کی نااہلی پہلے ہی سامنے آ گئی ہے۔

حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے بروقت امداد اور بحالی کے اقدامات نظر نہیں آ رہے،چنیوٹ میں ہر سال دریائی کٹا سے دیہات متاثر ہوتے ہیں، مگر مستقل حل آج تک نہیں دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پورا سال خاموش رہتی ہے اور سیلاب آنے پر صرف انخلاء کی ہدایات جاری کرتی ہے۔

انہوب نے زور دیکر کہا کہ عوام کو اعلانات نہیں بلکہ مثر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات درکار ہیں،حکومتی ترجمان دعووں میں مصروف ہیں جبکہ عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں،پنجاب کے عوام آج خود کو بے یار و مددگار محسوس کر رہے ہیں۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر سیلاب سے نمٹنے کے لیے جامع اور مثر حکمتِ عملی اپنانا ہوگی،عوامی مسائل کو نظر انداز کرنا کسی بھی حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں