سید سعید الحسن شاہ

پی ٹی آئی کی حکومت پنجاب میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے نئی تاریخ رقم کر رہی ہے،سید سعید الحسن شاہ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت پنجاب میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے نئی تاریخ رقم کر رہی ہے۔

ان اصلاحات سے معیشت کا پہیہ بھی رواں دواں رہے گا اور کنسٹرکشن سیکٹر میں نوکریوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔

ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات کے ذریعے تعمیراتی شعبہ سے متعلقہ این او سی کا اجراءآسان بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اب تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی اب ای خدمت مراکز سے ون ونڈ کے ذریعے حاصل کئے جا سکیں گے۔نجی، کمرشل یا صنعتی تعمیرات کیلئے اجازت ناموں/این او سی کے حصول کیلئے اب برسوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔این او سی کا اجراءآئندہ مقرر کردہ مدت میں چند ہفتے میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نقشوں کی منظوری، تکمیل تعمیر سر ٹیفکیٹ، جگہ کے استعمال میں تبدیلی کا این او سی یا نجی رہائشی کالونیوں کی منظوری سے متعلقہ اجازت نامے نئے شیڈول کے تحت ملیں گے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم ای خدمت مراکز میں ان سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

عوام کو فائلیں اٹھائے متعدد سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے نجات ملے گی اور کرپشن کا ایک اور دروازہ بند کر دیا گیا ہے۔ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، کارپوریشنز اور ایجنسیوں سے متعلقہ دستاویزات ای خدمت مرکز میں ایک چھت تلے میسر ہوں گی۔صارفین اپنی درخواستوں کا سٹیٹس جاننے کیلئے ای خدمت پورٹل یا موبائل اپ پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔