حافظ نعیم الرحمن 16

پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر دھرنے، نیشنل ہائی وے بند

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کیخلاف ملک گیر احتجاجی دھرنے شروع ہوگئے، کارکنوں نے نیشنل ہائی وے دھرنا دیکر بند کردی۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پورے ملک میں 510 سڑکیں بند کی جائیں گی، بڑی شاہراہیں بند کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ کارکنان نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ اورنگی اور حب ریور روڈ بند کردی ہیں۔اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی کے کارکنان نے نیشنل ہائی پر بھی دھرنا دے دیا ہے جس سے ٹریفک معطل ہوگیا۔

لاہور میں قرطبہ چوک اور اسلام آباد میں چھبیس نمبر اسٹاپ پر احتجاج اور دھرنا ہوگا، کوئٹہ میں میاں غنڈی چوک، پشاور میں ٹول پلازہ اور ملتان میں بوسن روڈ پر دھرنا ہوگا۔

کرک میں انڈس ہائی وے، بنوں میں سی پیک چوک اور چکدرہ میں انٹرچینج پر دھرنا ہوگا،دھرنوں کی قیادت جماعت کے صوبائی اور ضلعی عہدیدار کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ احتجاج کے دوران سڑکیں بند ہوں گی اور صرف ایمبولینس کو گزرنے دیا جائے گا۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی میں شام 4 بجے مختلف شاہراہوں سے احتجاجی قافلے روانہ ہوں گے جو مزارِ قائد کے مقام پر جمع ہوں گے جہاں سے بڑا احتجاجی کارواں شارع فیصل کی جانب روانہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم لیوی واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا، عوام اپنی اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کریں تو مطالبات منوائے جا سکتے ہیں، 25 کروڑ پاکستانی متحد ہوں تو اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے عوام سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں