عظمی بخاری

پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار ،نو مئی کا ماسٹر مائنڈ اپنا جھوٹ بے نقاب ہونے کے خوف سے راہ فرار اختیار کر رہاہے’عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار کر کے نو مئی کا ماسٹر مائنڈ اپنا جھوٹ بے نقاب ہونے کے خوف سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے، نو مئی ایک بغاوت اور ریاست کے خلاف سازش تھی، اسکے کرداروں اور سہولت کاروں کو نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حسب روایت بانی پی ٹی آئی نے تیسری مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا ہے، بانی پی ٹی آئی تین دن سے پولی گرافک ٹیسٹ کرنے والی ٹیم سے چھپ رہے ہیں، کبھی بادشاہ سلامت سو کر نہیں اٹھے کبھی کھانا کھا رہے ہیں اور کبھی ان کے وکلاء نہیں آئے، بانی پی ٹی آئی کو آج بھی یقین نہیں ہو رہا کہ وہ سزا یافتہ مجرم ہیں اور جیل میں قید ہیں، بانی پی ٹی آئی جان لیں یہ بنی گالہ نہیں اڈیالہ ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور پولیس پیچھے پیچھے ہے اور 9مئی کا معصوم ماسٹر مائنڈ آگے آگے ہے، نو مئی کا ماسٹر مائنڈ اپنا جھوٹ بے نقاب ہونے کے خوف سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے، لاہور پولیس عدالتی حکم پر بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹوگرامنگ ٹیسٹ کرنے جیل پہنچی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور ان کی پارٹی قیادت روزانہ ہمیں عدالتی احکامات کی دلیلیں دیتے ہیں لیکن بانی پی ٹی آئی خود عدالتی احکامات کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نو مئی ایک بغاوت اور ریاست کے خلاف سازش تھی، نو مئی کے کرداروں اور سہولت کاروں کو اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔