لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب اسمبلی میں سول سروسز اکیڈمی کے 60 رکنی وفد نے سپیکر ملک محمد احمد خاں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سپیکر ملک محمد احمد خاں نے عوامی مسائل کے حل، قانون سازی کے مختلف مراحل اور پارلیمانی نظام کی فعالیت پر تفصیلی گفتگو کی۔
سپیکر ملک محمد احمد خاں نے بتایا کہ پنجاب کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ کمیٹی سسٹم کو مکمل طور پر بااختیار بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور پارلیمانی فیصلوں کی مضبوطی کو نئی جہتیں ملی ہیں۔ وفد کو دورہ اسمبلی کے موقع پر قانون سازی کے طریقہ کار، پارلیمانی روایات اور ایوان کے اندر کام کرنے والے مختلف مراحل سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ اس دوران وفد نے ایوان، کمیٹی رومز اور میڈیا گیلری کا معائنہ کیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت کے استحکام کے لیے تحقیق، معلومات تک بلاتعطل رسائی اور شفافیت بنیادی ستون ہیں۔
سول سروسز اکیڈمی کے افسران نے اس اسٹڈی ٹور کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے انہیں قانون سازی کے عملی پہلوؤں کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ وفد نے سپیکر ملک محمد احمد خاں اور پنجاب اسمبلی کی انتظامیہ کے پرتپاک استقبال اور مؤثر بریفنگ پر اظہارِ تشکر کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پارلیمانی امور خالد محمود اور ڈائریکٹر پروٹوکول عماد حسین بھلی بھی موجود تھے۔









